عمران کی قیادت پر مکمل اعتماد‘ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں قرار داد منظور 

Apr 09, 2022


مظفرآباد (اے پی پی) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں  وزیراعظم عمران خان  پر مکمل اعتماد کی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔  وزراء سردار فہیم اختر ربانی ،  چوہدری اظہر صادق ،  نثار انصر ابدالی ،  چوہدری محمد رشید اور دیوان علی خان چغتائی کی طرف سے قرارد اد  چوہدری محمد رشید نے ایوان میں پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ۔ قرار دا دمیں کہا گیا ہے کہ آزادجموں وکشمیرقانون سازاسمبلی کا یہ اجلاس وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے ۔ ایوان وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور سازشوں کو ملک کو عدم استحکام  سے دو چار کرنے کی سازشیں سمجھتا ہے۔ ایوان سمجھتا ہے کہ بیرونی قوتیں عمران خان کو وزارت عظمی کے منصب سے ہٹا کر ملک کو کمزور کرنا چاہتی تھیں۔  یہ ایوان وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہنے کا عزم کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لئے عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کا یہ اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تجویز پر اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔ عمران خان ملت اسلامیہ کے واحد لیڈر ہیںجنہوں نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی فورمز کو متحرک کیا  ایوان او آئی سی کے مشترکہ اعلامیہ میں ہندوستان سے مقبوضہ کشمیر کی  5اگست2019 والی پوزیشن بحال کرنے کے مطالبے کا بھی خیرمقدم کرتا ہے۔ 

مزیدخبریں