اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں آج یہ کہہ رہا ہوں کہ ہمیں استعفے دے دینے چاہئیں اور عوام میں جائیں اور قوم کو بتائیں یہ سب کچھ کیا ہوا ہے۔ میں جب کہتا تھا ایمرجنسی لگادو، میں اس وقت بھی ٹھیک کہہ رہا تھا۔ جب میں نے کہا گورنر راج لگا دو میں تب بھی ٹھیک تھا۔ انہوں نے یہ بات منسٹرز انکلیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ وہ سامراجی سنڈیاں ہیں جو اب ہماری آزاد خارجہ پالیسی کو کھائیں گی۔ جب میں کہتا تھا گورنر راج لگا دو میں تب بھی ٹھیک تھا اور میں آج بھی کہتا ہوں کہ ہمیں یک زبان ہو کر استعفے دے کر اسمبلیوں سے نکل جانا چاہئے، ہمیں قوم کو بتانا چاہئے کہ اس سارے معاملے میں ان لوگوں کے اصل چہرے کیا ہیں۔ جو غیر ملکی طاقتیں ہماری خودمختاری سلب کرنا چاہتی ہیں انہیں شکست ہوگی۔ یہ ہار جیت کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کیس میں ہر کوئی ایکسپوز ہوگیا ہے۔ تمام طاقتیں اس میں ایکسپوز ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اچھے فیصلے بھی آئیں گے۔ میں تین ماہ سے کہہ رہا تھا اسمبلیوں سے استعفے دے دو اس کے لئے مجھے پتہ تھا کہ مسئلے کیا ہیں۔ یعنی اسمبلی توڑ دو نئے الیکشن کرا دو میں، اس وقت بھی ٹھیک تھا۔ جو یہ کہہ رہے ہیں کہ کیا ہوا ہے کس طرح ہوا ہے میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ قوم کو سب کچھ سمجھ ہے کہ کیا ہوا ہے۔ یہ جتنے آج باہر بیٹھے ہیں یہ سب اب پاکستان واپس آئیں گے۔