قومی ، صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیاں 4 ماہ میں مکمل کی جائیں : الیکشن کمشن 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے ملکی حالات کے پیش نظر 2017ء کی مردم شماری اور آبادی کے اعدادوشمار کے مطابق فوری طور پر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقہ جات کی حلقہ بندی   کے کام کا آغاز کرنے اور حکم دیا ہے کہ یہ کام ہنگامی بنیادوں پر  4 ماہ کے اندر مکمل کیا  جائے۔ تفصیلات کے مطابق  الیکشن کمشن کا اہم اجلاس  چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔ جس میں ممبران الیکشن کمشن  کے علاوہ الیکشن کمشن  کے سینئر افسران  نے شرکت کی۔ الیکشن کمشن  نے ملکی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے  اور ڈیجیٹل مردم شماری جس کا فیصلہ ابھی تک نہ ہوسکا ہے اس کا انتظار کئے بغیر  2017ء کی مردم شماری اور آبادی کے اعدادوشمار کے مطابق فوری طور  پر قومی اسمبلی  اور صوبائی اسمبلیوں  کے تمام حلقہ جات کی حلقہ بندی کے کام کا آغاز کردیا ہے  اور حکم دیا ہے کہ یہ کام ہنگامی  بنیادوں پر  4 ماہ کے اندر مکمل کیا  جائے۔ مزید صوبائی حکومتوں کو تحریر کیا جائے کہ نقشہ جات  ودیگر ڈیٹا فوری طورپر الیکشن کمشن کو مہیا کریں تاکہ الیکشن کمشن اس کام کی بروقت تکمیل یقینی بنائے۔ مزید برآں الیکشن کمشن کو بتایا گیا کہ الیکشن کمشن نے حکومت  پاکستان  اور فنانس ڈویژن کو مراسلہ تحریر کیا کہ صوبہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ  انتخابات  کے انعقاد کیلئے ضروری فنڈز فوراً مہیا کئے جائیں کیونکہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پہلے ہی تاخیر کا شکار ہوچکا ہے۔ کیبنٹ  نے سمری کی منظوری دی اور فنانس ڈویژن نے فنڈز کی منظوری کا مراسلہ بھی الیکشن کمشن کو ارسال کردیا کہ الیکشن کمشن کی ضرورت کے مطابق فنانس ڈویژن الیکشن کمشن کو ضروری فنڈز مہیاکرے گا۔ لیکن جب  الیکشن کمشن کے افسران  نے فنانس ڈویژن کے افسران سے ان فنڈز کو Release کرنے کیلئے رابطہ کیا تو بتایا گیا کہ ابھی تک حکومت پنجاب نے اپنے حصہ کے فنڈز کیلئے ضروری NOC  فراہم نہیں کیا جس کی وجہ سے  پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے لئے  مطلوبہ فنڈز  الیکشن کمشن کو فراہم نہیں کئے جاسکتے۔

ای پیپر دی نیشن