حافظ آباد(نمائندہ خصوصی، نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کے ڈویژنل صدر سہیل انور سہوترا نے کہا ہے کہ آئین و قانون سب سے بالاتر اور مقدس ہیں۔ عدالت کا تاریخی فیصلہ آئین، قانون، پارلیمنٹ، جمہوریت اور انصاف کی فتح ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل انور سہوترا کا کہنا تھا کہ فیصلہ نظریہ ضرورت کی ہار اور نظریہ جمہوریت کی جیت ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ غیر آئینی رولنگ دینے والے کے منہ پر طمانچہ ہے۔انہوں نے کہا غداری کے سرٹیفکیٹ دینے والے عمران نیازی عدالت سے آئین شکن ثابت ہو چکے ہیں ۔ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے نے حق و سچ کا بول بالا کیا ہے۔ قوم سے جھوٹ بولنے اور اسے دھوکا دینے والوں کا محاسبہ ہونا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن مسلم لیگ(ن) کا گڑھ ہے۔ آئندہ الیکشن میں مینارٹی ونگ کے ووٹ کلیدی کردار ادا کریں گے اور مسلم لیگ (ن) ڈویژن بھر میں کلین سویپ کرے گی۔