خاران (نمائندہ خصوصی) انجمن معذوراں (خصوصی افراد )خاران کے زیر اہتمام مقامی صحافی اور ان کے بیٹے کی بلیک میلنگ اور دھونس دھمکیوں کے خلاف ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس پہنچی اور احتجاجی دھرنے کی شکل اختیار کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر نصیب اللہ جنرل سیکرٹری احتشام الحق اور محمد انور نے کہا کہ نام نہاد صحافی کے بیٹے نے انجمن معذوراں کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد انور کی دکان میں جاکر گالی گلوچ اور جان سے مارنے کی دھمکی دی جس کی تھانے میں رپورٹ جمع کرائی گئی تاہم کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد پولیس سرد مہری دکھا رہی ہے۔ ملزم کی عدم گرفتاری اور پولیس کی سرد مہری کے خلاف مجبور ہوکر ایک بار پھر ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا دے رہے ہیں۔ ہم میں سے کسی کو بھی کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ داری انتظامیہ اور صحافی پر ہوگی ۔