لاہور (خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ روزہ تزکہ نفس اوررضائے الٰہی کابہترین ذریعہ ہے۔ اہل ایمان اس مقدس مہینے میں تلاوت قرآن کریم کو اپنا معمول بنا لیں اور مخیر حضرات مستحق غرباء میں صدقہ و خیرات کریں کیونکہ اس مہینے میں صدقہ خیرات کرنے کے بدلے میں ثواب کو 7 سو گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ماہ رمضان المبارک مسلمانوں کیلئے خیر و بھلائی اور اجر و ثواب کے حصول کاعظیم ترین موسم ہے۔روزہ ایک مخفی اور خاموش عبادت ہے جو نمود و نمائش سے پاک ہے۔سفر، بیماری اور خواتین کو حالتِ حمل وغیرہ میں روزہ رکھنے میں رعایت دی گئی ہے۔ اگر ان حالتوں میں روزہ نہ رکھا جائے تو ان کے ختم ہونے کی مدت کے بعد رمضان کے چھوڑے گئے روزوں کی قضا کرنا ضروری ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز کیا۔حدیث پاک میں آتاہے کہ’’ ماہ رمضان المبارک میں آسمانوں کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور بڑے شیاطین جکڑ دیئے جاتے ہیں۔ اس (مہینہ) میں اللہ تعالیٰ کی ایک ایسی رات (بھی) ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے جو اس کے ثواب سے محروم ہوگیا سو وہ محروم ہو گیا‘‘۔