لاہور(وقائع نگار)ماہ صیام کے پہلے جمعتہ المبارک کے موقع پر لاہور پولیس کی طرف سے مساجد،امام بار گاہ، عبادت گاہوں اور شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے بھرپور انتظامات کئے گئے تھے۔سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے کہا ہے کہ رمضان المبارک پر امن بنانے کیلئے علماء کرام و مشائخ عظام ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی ،بھائی چارے اور امن کا پرچار کریں۔ رمضان المبارک میں گذشتہ سال کی سکیورٹی ایس او پیز سے زیادہ بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔مساجد،امام بارگاہوں،رمضان بازاروں، مارکیٹوں کی سکیورٹی پر پانچ ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات ہیں۔ جمعتہ المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی انتہائی سخت رہی۔مختلف مقامات پر تعینات پولیس افسران اور جوان ہائی الرٹ رہے۔لاہور پولیس کی طرف سے شہر میں امن کے قیام اور ملک دشمن عناصر کی کسی بھی بزدلانہ کارروائی سے محفوظ رہنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے تھے۔ڈویژنل ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز اپنے زیر تحت علاقوں میں مساجد،امام بارگاہوں، مارکیٹوںسمیت تمام اہم تنصیبات اور حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کا جائز لیتے رہے۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تمام افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جاتی رہی۔ڈولفن سکواڈ اورپولیس ریسپانس یونٹ کے اہلکاروں نے شہر کی تمام حساس مساجداور امام بارگاہوں کے ارد گرد موثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا گیا۔