کراچی (نیوز رپورٹر) احتساب عدالت نے محکمہ سندھ ثقافت و سیاحت میں کرپشن کے ریفرنس میں ملزم روشن قناصرو کی درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ کر لیا۔ کراچی کی احتساب عدالت میں سماعت کے دوران محکمہ ثقافت وسیاحت میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے ریفرنس کے مرکزی ملزم سابق ایم ڈی سندھ ٹورازم روشن قناصرو کے وکیل نے پیشکش کرتے ہوئے عدالت سے کہا کہ روشن قناصرو پرجو الزام ہے وہ رقم دینے کو تیار ہے ضمانت دی جائے۔ نیب کے پراسیکیوٹرنے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس میں دس گواہان کے بیان قلمبند کیے گئے ہیں۔ ملزم روشن قناصرو کے وکیل کی جانب سے کیس میں تاخیر ہو رہی ہے۔ وکیل روشن قناصرو نے عدالت سے کہا کہ ہم کیس میں تاخیر نہیں کررہے، گواہ کی جرح بھی کی ہے۔ عدالت نے کیس میں ریمارکس دیے کہ کیس ڈائری دیکھ کر کے فیصلہ کریں گے۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق سندھ میں کلچر کی ترویج کا کام ان کو سونپا گیا تھا لیکن کسی علاقے میں کام نہیں کیا۔ نیب پراسیکیوٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملزمان نے قومی خزانے کو 4 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے۔