راولپنڈی (جنرل رپورٹر) محمدی مسجد لالکڑتی میں تحفظ آئین پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ آئین پاکستان قرآن و سنت سے مزین ہے ۔ جس میں کوئی بھی شخص من مانی نہیں کر سکتا ۔ آئین پاکستان کا تحفظ ہر شخص پر واجب ہے ۔ آئین پاکستان موم کی گڑیا نہیں ، جسے اپنی مرضی سے موڑ لیا جائے ۔ قانون کی بالا دستی سے کوئی بالا نہیں ۔آئین انسانیت کی بھلائی کیلئے بنائے جاتے ہیں ۔آئین کی حاکمیت سے صاف ستھرا اور قابل فخر معاشرہ قائم ہو سکتاہے ۔ آج سب سے اہم ترین مسئلہ ناانصافی کا ہے ، جو تیزی سے ہماری شریانوں میں پھیل رہا ہے ۔جس قوم کو سب سے زیادہ انصاف پرور ہونا چائیے تھا ، آج وہی سب سے زیادہ منتشر دھشت زدہ نظر آتی ہے ۔قوم نبی پاکؐ کے حجۃالودع کے منشور کو دستور بنا لے ۔ علماء اور قانون کے محافظ رفرسودہ قوانین کا خاتمہ کرنے کیلئے اسلام کی روشن خیالی کا پیغام انسانیت پر منتقل کردیں ۔عذاب الہی سے بچنے اورفتنہ و فساد کا قصہ تمام کرنے کیلیے عدل الہی کا قیام ضروری ہے ۔ کیونکہ ظالم ہمیشہ آئین عدل سے گھبراتا ہے۔ عدل و انصاف یہ ہے ، اسلام کے سوا کوئی دین نہ ہو ،قرآن و سنت کے سوا کوئی آئین نہ ہو ۔ حاکم وقت کا مواخذہ بھی عدل کے زمرے میں آتا ہے ۔ زمین پر عدل ہوتا رہے ، تو آسمان سے عذاب نازل نہیں ہوتا۔
آئین کی حاکمیت سے قابل فخر معاشرہ قائم ہو سکتاہے، اظہار بخاری
Apr 09, 2022