شہر قائد میں بھکاریوں کے خلاف کارروائی پولیس کو مہنگی پڑگئی

Apr 09, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر) شہر قائد میں بھکاریوں کے خلاف کارروائی پولیس اہلکار کو مہنگی پڑگئی۔  پوش علاقے گزری کے فیز سیون میں بھکاریوں کے خلاف کارروائی  کے دوران گداگروں کے جتھے نے پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے زخمی کرڈالا۔واقعے  کا پولیس افسران نے نوٹس لیتے ہوئے ساؤتھ زون کو گداگر فری بنانے کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد  پولیس نے تابڑ توڑ کارروائیاں کرتے ہوئے چالیس گداگروں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس حکام نے پوش علاقے کے تمام تھانوں کو ہدایت کی ہے کہ علاقے میں گداگر نظر آئیں تو انہیں فوری گرفتار کیا جائے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی اندورن ملک سے ہزاروں کی تعداد میں پیشہ ور گداگر کراچی کا رخ کرتے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کی تعداد ہزاروں میں ہوتی ہے اور ان کی اکثریت جنوبی پنجاب کے علاقوں سے تعلق رکھتی ہے۔ شہر کے تجارتی مراکز کلفٹن، ڈیفنس، نارتھ ناظم آباد، حیدری، گلشن اقبال، طارق روڈ اور صدر کے بازاروں اور ٹریفک سگنلز پر بچے، خواتین اور مرد مختلف واسطے دے کر گداگری کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

مزیدخبریں