قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر رائے شماری کرائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس شروع ہوگیا ، اجلاس کے آغاز پر قرآن پاک کی تلاوت کی گئی۔اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کےخلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ ہوگی جبکہ قومی اسمبلی کے چھ نکاتی ایجنڈے میں توجہ دلاؤ نوٹس اوروقفہ سوالات بھی شامل ہیں۔اس سے قبل شہباز شریف، بلاول بھٹو، آصف علی زرداری پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے، متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کی بیٹھک میں اجلاس کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔اس موقع پر پارلیمنٹ کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، رینجرزپولیس اورایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے اور ریڈ زون مکمل طور پر سیل ہے جبکہ عام شہریوں کا ریڈزون میں داخلہ بند ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد ہے، اراکین اسمبلی کے گارڈز بھی پارلیمنٹ ہاؤس نہیں آسکیں گے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں 3 اپریل کی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو برقرار رکھا تھا اور قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کابینہ کو بھی بحال کر دیا تھا۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے نگراں حکومت کے قیام کیلئے صدر اور وزیراعظم کے اقدامات کو بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سےپہلےکی صورتحال بحال کر دی تھی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں تحریک عدم اعتماد پر 9 اپریل ہفتے کی صبح بجے 10 بجے ووٹنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔