معاملات ایوانوں میں حل کئے جائیں، کوئی سڑکوں پر آیا تو ہم بھی نکلیں گے: دفاع پاکستان کونسل

اسلام آباد (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کانفرنس کے شرکاء نے خبردارکیا ہے کہ سیا سی و معاشی عدم استحکام پاکستان کی سالمیت کو خطرات سے دوچار کررہا ہے۔ وطن عزیز کو اپنی بقاآزادی و خودمختاری قومی افتخار اور اہم قومی مفادات کے دفاع کا مسئلہ درپیش ہے اور ہمیں پاکستان کی نظریاتی اور دفاعی سرحدوں کی حفاظت اور قومی مفادات کے تحفظ پر مبنی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ بعض قومی مفادات ایسے ہیں جن پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا وقت کا تقاضا ہے کہ ہم فوری سنبھل جائیں اور معاملات سڑکوں پر طے کرنے کے بجائے متعلقہ ایوانوں میں حل ہوں۔ کانفرنس سے کونسل کے سربراہ حامدالحق حقانی،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، مولانا احمد لدھیانوی، عبداللہ گل اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ کوئی سڑکوں پر نکلا تو پھر دفاع پاکستان کونسل بھی سڑکوں پر نکلے گی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک کو اس وقت مختلف چیلنجز درپیش ہیں، بیرونی دشمن کے ساتھ اندرونی سازشیں بھی ملک کو عدم استحکام کا شکار کر رہی ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھتا جا رہا ہے۔ سیاست دانوں کی غلطیوں کا خمیازہ عام شہری بھگت رہا ہے۔ معاشی بدحالی کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔ چند ارب ڈالرکے لیے آئی ایم ایف ہمیں ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دشمن عالمی طاقتیں پاکستان کی کمزور معاشی حالت سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔ ہمارے ملک کے چندکردار ان کے ہاتھ کا کھلونا بنے ہوئے ہیں۔ بعض قراردادیں بھی منظور کی گئیں جن میں ملک کی سالمیت، امن اور وحدت کے ضامن  و علمبردار اداروں کے ساتھ مکمل اور غیر مشروط اظہار یک جہتی کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ  تمام سیاسی ومذہبی قوتیں اداروں کو متنازع بنانے سے گریز کریں۔ مطالبہ کیا گیا کہ ناموس رسالت، ختم نبوت، صحابہ کرام واہل بیت اور مقدس شخصیات کی حرمت سے متعلق قوانین کے خلاف سازشوں کا سدباب کیا جائے۔ کشمیر و فلسطین اور تمام مظلوم اقوام کے حق آزادی کی حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ملکی سالمیت کے اداروں کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پاک افغان تعلقات کے استحکام اور فروغ کی تمام کوششوں کو خطے کے امن وسلامتی کے لئے انتہائی مفید اور ضروری ہے۔

ای پیپر دی نیشن