احسان بھٹہ کا بھلوال انڈسٹریل سٹیٹ کا دورہ ،ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ 


لاہور (کامرس رپورٹر )سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے بھلوال انڈسٹریل سٹیٹ میں زیر تعمیر گرڈ سٹیشن کو 31 مئی 2023 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت پیڈمک کے سی ای او کے ہمراہ بھلوال انڈسٹریل سٹیٹ کے دورے کے دوران دی ہے اس موقع پربھلوال انڈسٹریل سٹیٹ میں ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دورے کے دوران، سی ای او پیڈمک نے سیکریٹری کو انڈسٹریل سٹیٹ کے مختلف پہلوو¿ں بشمول پلاٹ، انفراسٹرکچر کی فراہمی اور انڈسٹریل سٹیٹ میں لگنے والے مختلف صنعتی یونٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔ سیکرٹری نے SNGPL کی جانب سے سائٹ پر کئے جانے والے گیس کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ پیڈمک انتظامیہ نے سیکرٹری کو آگاہ کیا کہ گیس کا کام 2 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ سیکریٹری کو انڈسٹریل سٹیٹ میں غیر ملکیوں کی سکیورٹی، ایس پی یو کے ورکنگ اور سی سی ٹی وی کنٹرول روم وغیرہ کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیکریٹری نے پی آئی ای ڈی ایم سی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انڈسٹریل سٹیٹ میں لگنے والے تمام صنعتی یونٹس اور ان میں کام کرنے والوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سی ای او، پیڈمک کو ہدایت کی کہ وہ مہینے میں دو بار کوآرڈینیشن میٹنگز کریں، جس میں تمام سٹیک ہولڈرز یعنی فیکٹری منیجرز، ایس پی یو، ہوم ڈیپارٹمنٹ، فیسکو اور ایس این جی پی ایل افسران وغیرہ شرکت کریں تاکہ سائٹ پر موجود مسائل کو حل کیا جا سکے۔سیکرٹری نے بھلوال انڈسٹریل سٹیٹ میں کام کرنے والی بیسٹ وے سیمنٹ اور اوریل سیرامک فیکٹریوں کا دورہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انڈسٹریل سٹیٹ میں پہلے سے موجود صنعتوں کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن