لاہور (این این آئی) پاکستان نے بیساکھی کی تقریبات کے لئے سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن نے 2ہزار 856بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے۔ سکھ یاتریوں کو 9سے 18اپریل تک کے لئے ویزے جاری کئے گئے ہیں۔ بھارتی یاتری آج (اتوار) کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، جہاں سے انہیں خصوصی ٹرین کے ذریعے حسن ابدال روانہ کیا جائے گا۔ دورے کے دوران زائرین ڈیرہ صاحب، پنجہ صاحب، ننکانہ صاحب اور کرتارپور صاحب جائیں گے۔ بیساکھی اور خالصہ جنم دن کی مرکزی تقریب 14اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہو گی۔