عوامی تحریک نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کو ترجیح دی:خرم نواز گنڈاپور 

Apr 09, 2023

 لاہور(خصوصی نامہ نگار ) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی اور سیاست پر ریاست کو ترجیح دی۔ مافیا کو آئین سوٹ نہیں کرتا اس لئے انہیں جب موقع ملتا ہے وہ آئین کے خلاف ریاستی طاقت بروئے کار لاتے ہیں۔ اگر آئین کے مطابق ملک نہیں چلے گا تو پھر جنگل کا قانون ہو گا یعنی جس کی لاٹھی اس کی بھینس۔ 22کروڑ عوام ملک کو کسی مافیا کی چراگاہ نہیں بننے دیں گے۔ سپریم کورٹ کے خلاف حکومت کااعلان جنگ قومی تاریخ کاایک اور المیہ ہے۔عوام عدلیہ کے ساتھ ہیں۔ ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہوتی تو سانحہ ماڈل ٹاو¿ن نہ ہوتا۔ سانحہ 25 مئی نہ ہوتا، سانحہ کارساز نہ ہوتا، جمہوریت کا نام لینے والے اپنے اقتدار کیلئے انسانوں کا خون بہانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ آئین کی حفاظت ایمان کی حفاظت ہے۔سپریم کورٹ نے آئین کی پاسداری میں 90 دن کے اندر الیکشن کروانے کا حکم دیا اس پر طوفان برپا کیوں کیا جارہا ہے؟ ۔حکومت کو ملک،آئین اور عوام کی پرواہ ہے تو سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق الیکشن کمیشن کو فنڈز اور سکیورٹی مہیا کرے۔ چیف جسٹس سے استعفیٰ مانگنے والوں سے پوری قوم استعفیٰ مانگ رہی ہے۔

مزیدخبریں