لاہور(نیوز رپورٹر) لاہور کے تمام ای سٹامپ پیپر فروش حضرات کا مشترکہ فالواپ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ای سٹیمپ پیپر وینڈرز کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ اور اعلیٰ سرکاری عہدیداران سے بھی رابطہ کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے پایا۔ اجلاس میں وینڈرز حضرات نے حکومت سے مطالبہ کہ ڈی سی آفس کے ای سٹامپ پیپر برانچ کے عملے کی بلیک میلنگ، دھاندلی اور کرپشن سے انہیں فوری طور پر نجات دلائی جائے۔ ای سٹامپ پیپر برانچ ڈی سی آفس کے عملے کی لوٹ مار سے پریشان وینڈرز نے حکومت سے استدعا کی کہ جس طرح سٹامپ پیپرز کے اجراءکو آن لائن کیا گیا ہے اسی طرح لائسنس کی تجدید کے عمل کو بھی آن لائن نظام سے مربوط کیا جائے اور ڈی سی آفس کے عملے کا عمل دخل کو اس نظام میں مکمل طور پر ختم کردیا جائے ۔ وینڈرز حضرات نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لائسنس کی تجدید کے نظام کو ای پے پنجاب ایپ سے لنک کیا جائے اور فیس جمع ہونے کے بعد چالان پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کے بعد لائسنس کی تجدید کنفرمیشن کردی جائے اور جمع کروائے گئے چالان کو ہی تجدید تصور کیا جائے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ پرانے رجسٹر جمع کروانے اور نئے رجسٹر کے اجراءکے عمل کو بھی برانچ کے عملے کی کرپشن، دھاندلی اور بلیک میلنگ سے مکمل طور پر پاک کرنے کی حکمت عملی اپنائی جائے اور عملے کا عمل دخل مکمل طور ر ختم کیا جائے۔