لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر حارث رﺅف نے کہا ہے کہ کافی وقت کے بعد آرام کا موقع ملا جس کا اب فائدہ ہوگا، تازہ دم ہو گیا ہوں، مسلسل کرکٹ کھیل رہے تھے، انرجی لیول بہتر کیا اور مسلز کو آرام ملا ہے۔ اب کوشش ہے کہ کرکٹ سکلز پر کام کروں اور مزید بہتر کروں، جب میدان میں ہوں تو ہر میچ میں فیصد دینا پڑتا ہے۔ نیوزی لینڈ کےخلاف کافی اہم سیریز ہے، 5 ون ڈے اور 5ٹی 20ہیں، دونوں سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے، ورلڈکپ آ رہا ہے ، ون ڈے سیریز اہم ہے، اس سیریز سے ہمیں تیاری کا موقع ملے گا۔ ہم ایسا نہیں سوچتے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں بڑے نام شامل نہیں، نیوزی لینڈ نے ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی شامل کیے ہیں، وہ انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔ فاسٹ باﺅلرز میں مقابلہ بڑھ رہا ہے، پاکستان کیلئے بیک اپ میں فاسٹ باﺅلرز کا ہونا اچھی بات ہے، احسان اللہ کا آنا بھی اچھا ہے، دنیا پاکستان کے پیس باﺅلرز کی تعریف کرتی ہے۔ ون ڈے سیریز سے کوشش کروں گا مزید سیکھوں اور جہاں مجھے بہتر ی چاہیے اسے بہتر کروں، کوشش ہو گی جو سیکھوں وہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں کام آئے، ایشیا کپ سے پہلے بھی ہماری ایک ون ڈے سیریز ہے تو اچھی تیاری ہو جائے گی۔ کوشش کرتا ہوں کہ بیٹنگ کو بہتر کروں جس طرح شاہین آفریدی نے بہتر کی ہے، ویسے بھی ایک دو چھکے لگا لیتا ہوں، شاہین آفریدی جب بیٹنگ کیلئے جاتے ہیں تو میں کہتا ہوں کہ میں بھی بیٹنگ کر لیتا ہوں، ہم ایک دوسرے سے گھلتے ملتے، اکٹھے رہتے اور مذاق کرتے ہیں۔