سعودی عرب میں پہلی مرتبہ مکمل مصنوعی دل کی کامیاب پیوند کاری

Apr 09, 2023 | 15:14

سعودی عرب میں پہلی مرتبہ مکمل مصنوعی دل کی کامیاب پیوند کاری کرلی گئی۔ سعودی عرب میں نیشنل گارڈ کی وزارت صحت کے امور نے ’’کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی‘‘ میں ’’کنگ عبدالعزیز سینٹر فار کارڈیک ڈیزیز اینڈ سرجری‘‘ مکمل مصنوعی دل ’’سنکارڈیا‘‘ کی پیوند کاری کے لیے پہلے آپریشن کی کامیابی کا اعلان کیا۔ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے آپریشن سے گزرنے والا مریض 28 سالہ سعودی شہری ہے۔ وہ دل کے پٹھوں میں شدید کمزوری کا شکار تھا۔ یہ ایک مشکل کیس تھا کیونکہ مریض کی صحت کی حالت معاون سپورٹ پمپ (برلن ہارٹ یا ہارٹ میٹ) کے استعمال کی اجازت نہیں دے رہی تھی۔ اس طرح کے کیسز میں علاج کے لیے یہ معیاری طریقہ شمار ہوتا ہے۔ عطیہ دہندہ سے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کرانا بھی ممکن ہوتا ہے۔ تاہم متعدد اور پیچیدہ طبی وجوہات کی وجہ سے ہارٹ ٹرانسپلانٹ مشکل ہوجاتا ہے۔یاد رہے مکمل مصنوعی دل کی پیوند کاری کو دنیا میں سب سے پیچیدہ علاج کے طریقہ کار میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اس کے لیے جدید ترین سطح پر طبی عملے، صلاحیتوں اور آلات کے اعلیٰ تجربے اور مہارتوں کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ کنگ عبدالعزیز سنٹر فار کارڈیک ڈیزیز اینڈ سرجری اپنے اہل قومی کیڈرز کو اس حوالے سے تربیت دے کر منفرد حیثیت اختیار کرلی اور پھر اس مشکل سرجری کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیابی حاصل کرلی۔ مریض کی حالت اس وقت مستحکم ہے۔ وہ بحالی اور احتیاطی طبی مراحل سے گزر رہا ہے۔

مزیدخبریں