خیبر پی کے میں’’آپریشن کلین اپ‘‘ 3ماہ میں 148شدت پسندوں کو مارا جا چکا 

Apr 09, 2024

پشاور(بیورو رپورٹ)خیبر پی کے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی شدت پسند تنظیموں کیخلاف جاری ’’آپریشن کلین اپ‘‘کے نتیجے میں 3ماہ کے دوران ریاست کو انتہائی مطلوب 148شدت پسندوں کو مارا جا چکا ہے، کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان اور حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے اہم ترین کمانڈر بھی مارے جانے والوں میں شامل ہیں۔کاونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبر پی کے (سی ٹی ڈی) کے اعداد و شما ر کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران 90 سے زائد شدت پسندوں کوگرفتار کیا جا چکا ہے جن میں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ،اغواء برائے تاوان اورشدت پسندوں کو مالی معاونت فراہم کرنے میں ملوث افراد بھی شامل ہیں۔ اس عرصہ کے دوران شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر428انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرائے،جنوری میں 41، فروری میں 55اور مارچ میں 52شدت پسندوں کو مارا جا چکا ہے،اس عرصہ کے دوران صرف شمالی وزیرستان میں 73شدت پسندوں کو ماراجا چکا ہے جو مارے جانے والے 148شدت پسندوں کی تقریبا نصف تعداد بنتی ہے۔کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کے مطابق2024ء کے 3ماہ کے دوران شدت پسندی کے سب سے زیادہ واقعات شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیںجہاں 73شدت پسندوں کو مارا جا چکا ہے، افغانستان سے متصل سرحد کی وجہ سے شدت پسند تنظیموں کی نقل و حمل متحرک رہی اور مختلف اوقات میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا تاہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سب سے زیادہ شدت پسندوں کو شمالی وزیرستان میں مارا جا چکا ہے،شدت پسندی سے متاثرہ اضلاع میں ڈیرہ اسماعیل خان کا دوسرا نمبر ہے جہاں 23شدت پسندوں کو مارا گیا،لکی مروت اور جنوبی وزیرستان میں 12،12شدت پسندوں کومارا جا چکا ہے۔کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کے اعدا و شمار کے مطابق رواں سال 2024ء میں جنوری کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدت پسندوں کے خلاف 122 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے جس کے نتیجے میں 41 شدت پسند ہلا ک ہو ئے، سب سے زیادہ شمالی وزیرستان میں 5 آپریشنز کے دوران 22 شدت پسند کو مارا گیا۔لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے 3آپریشنز میں 6 شدت پسند ہلاک کئے گئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے آپریشن میں 5 شدت پسند ہلا ک کئے گئے۔جنوبی وزیرستان میں 4، بنوں میں 3 اور ضلع خیبر میں ایک شدت پسند کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ما ہ فروری میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے شدت پسندوں کے خلاف102 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہو ئے جس میں 55 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف 6آپریشنز کے دوران16شدت پسندوں کو ہلاک کیا۔ڈیرہ اسما عیل خان میں 4آپریشنز میں 12،ضلع ٹانک میں 3 آپریشنزمیں 12 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔جنوبی وزیر ستان میں 2 آپریشنز میں 8،ضلع خیبر میں 3 اورسوات اور مردان میں بالترتیب 2،2 شدت پسند وں کو ہلا ک کیا جا چکا ہے۔مارچ کے دوران 18آپریشن کے دوران 52شدت پسندوں کو مارا گیا شمالی وزیرستان میں سب سے زیادہ 35 شدت پسند ہلاک کئے گئے۔ڈیر اسماعیل خان میں 3 آپریشنز کے دوران 6،لکی مروت میں 2 آپریشن کے دوران 6شدت پسند مارے جا چکے ہیں۔کوہاٹ میں ایک آپریشن کے دوران 3اور باجوڑ میں 2 آپریشن کے دوران 2 شدت پسندوں کو مارا جا چکا ہے۔سکیورٹی فورسز نے گزشتہ تین ماہ میں شدت پسندوں کے قبضے سے 394 پستول،136 ایس ایم جیز، 40 رائفلز،8 راکٹ لانچرز،6 مشین گنز اور 7 مارٹر مشین، 144 دستی بم، 115 مارٹر گولے، 51 راکٹ لانچربارود اور26 آئی ای ڈی برآمد کئے ہیں۔

مزیدخبریں