تنازعات رکاوٹ، وزیر تجارت نے بھارت سے کاروبار کا امکان مسترد کردیا

Apr 09, 2024

کراچی (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے بھارت سے تجارت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کشمیر سمیت دیگر تنازعات کو تجارت کی راہ میں رکاوٹ قرار دے دیا۔ کراچی میں پاکستان بزنس کونسل کے اراکین سے ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تجارت بڑھانے کا خواہاں ہے لیکن جب تک ہمارے سنجیدہ تحفظات دور نہیں کیے جاتے اس وقت تک بھارت سے تجارت نہیں ہوسکتی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صنعتوں کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگی بجلی اور گیس ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں مسابقت دشوار ہورہی ہے۔ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر پیش رفت میں عالمی پابندیوں کو بھی ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔ کہیں ایسا نہ ہوکہ خود پاکستان پر پابندی لگ جائے۔ ایران دنیا سے سیکشن پر اپنے معاملات ٹھیک کرلے تو ہم پائپ لائن تعمیر کرنے پر تیار ہیں۔ وزیر اعظم کی کلیئر ہدایات ہیں کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ اس سلسلے میں پری بجٹ سیمینار اسلام آباد میں کیا گیا جس میں تمام شعبوں سے مشاورت کی گئی۔ حکومت کی توجہ کاروباری اعتماد کی بہتری کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان بزنس کونسل نے جن مسائل کی نشان دہی کی انہیں حل کیا جائے گا۔

مزیدخبریں