شوال کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں عید الفطر کا چاند دیکھنے کی شہادتیں بھی وصول کی جائیں گی۔
رویت ہلال کمیٹی اجلاس وزارت مذہبی امور کوہسار کمپلیکس کی عمارت میں ہوگا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہورہے ہیں۔
مرکزی اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کررہے ہیں جبکہ رویت ہلال کمیٹی ممبران، محکمہ موسمیات، سپارکو اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکام بھی اجلاس میں شریک ہیں.محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے کیونکہ ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف ہے اور غروب آفتاب کے بعد چاند افق پر 50 منٹ تک موجود رہے گا۔
ماہرین کے مطابق چاند کی عمر انسانی آنکھ سے دکھائی دینے کےلیے پوری ہوگی کیونکہ مغرب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 20 گھنٹے ہوگی۔
شوال کے چاند کا باضابطہ اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد کریں گے۔