حمید نظامی ہال لاہور میں ہونے والے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلابی صورتحال سے اگرچہ پورا ملک متاثر ہوا ہے تاہم پنجاب بڑے بھائی کی حثیت سے خیبرپختون خوا، آزاد کشمیر اور ملک کے دیگرمتاثرہ علاقوں کی دل کھول کر مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلابی آفت کے باعث بےگھر اور تباہ حال افراد کی بحالی کیلئے وفاق سے دس ارب روپے کی امداد طلب کی تھی لیکن اب تک اس کا کوئی جواب نہیں مل سکا۔ پرویزملک کا کہنا تھا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیاست کو پس پشت ڈال کر تمام سیاسی جماعتوں کو متاثرین کی مدد کیلئے آگے بڑھنا چاہئے۔ اس موقع پر سابق ناظم کراچی اور الخدمت فائونڈیشن کے سربراہ نعمت اللہ خان نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے چند اضلاع کو چھوڑ کر پورا ملک متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت زدہ افراد کی بحالی کیلئے دو ہزار پانچ کے زلزلہ زدگان کی امداد جیسا جذبہ دکھانے کی ضرورت ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف لاہور کے صدرمیاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومت کو اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر متاثرین کی بحالی کے کام کو تیز کرنا چاہئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت الدعوۃ کے حافظ عبدالروف کا کہنا تھا کہ یہ وقت اجتماعی توبہ کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کو ٹالنے کیلئے سیاسی رہنماوں سمیت تمام لوگوں کو اپنے اعمال درست کرنے کی ضرورت ہے۔