فوزیہ وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی میڈیا کے خلاف کارروائی کا سوچ بھی نہیں سکتی ، وزیراعلٰی پنجاب سیلاب پر سیاست اور خود کو ہیرو جبکہ باقیوں کو زیرو بنانے کا رویہ بند کریں ۔

وہ لاہورمیں پیپلزپارٹی کےضلعی  سیکرٹریز اطلاعات کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں ۔ اس اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وفاقی حکومت کے دورہ جات کی میڈیا کوریج نہ ہونے کی شکایت کی گئی اور میڈیا سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرنے پر زوردیا گیا ۔ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے فوزیہ وہاب نے کہا کہ کچھ ٹی وی چینل پیپلز پارٹی اور صدر آصف زرداری کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما اور وفاقی وزرا  پچیس اضلاع میں سیلاب زدگان میں امدادی سامان تقسیم کرنے میں مصروف ہیں، لیکن انہیں نجی میڈیا پر مناسب کوریج نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ  رانا ثنا اللہ خان سیلاب کے موقعہ پرملک سے باہر ہیں مگر کسی نےان پر تنقید نہیں کی جبکہ صدر مملکت کے دوروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ فوزیہ وہاب نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لئے ملنے والی بیرونی امداد سے پنجاب کو این ایف سی ایوارڈ کے مطابق حصہ ملے گا۔ وفاقی حکومت سیلاب زدگان کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے گی۔  

ای پیپر دی نیشن