لاہور (آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ آئی سی سی کی ٹاسک ٹیم کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں لہٰذا ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان ختم ہو گیا ہے، ٹاسک ٹیم کی سفارشات پر عملدرآمد کرنا ہماری صوابدید پر ہے، آئی سی سی کیخلاف قانونی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتے۔شاہد آفریدی ریٹائرڈ کھلاڑی ہیں ان کے بیانات پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں سمجھتا، شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کرنے کیلئے کوئی سیاسی دباﺅ نہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ نے مزید کہاکہ بھارت کیخلاف سیریز کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں اور جلد ہی کوئی اچھی خوشخبری آئے گی۔ اعجاز بٹ نے کہاکہ انتخاب عالم اور عاقب جاوید کو ٹاسک ٹیم کی سفارشات کی وجہ سے ٹیم انتظامیہ سے الگ نہیں کیا گیا بلکہ ان کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں خدمات درکار تھیں۔ ایک سوال کے جواب میں اعجاز بٹ نے کہاکہ دورہ زمبابوے کیلئے نائب کپتان کا تقرر نہیں ہو گا یہ میرا اختیار ہے کہ کسی کو نائب کپتان بناﺅں یا نہ کیونکہ ہم کسی نئے تنازعے میں نہیں الجھنا چاہتے۔ اعجاز بٹ نے کہاکہ سری لنکن بورڈ شارجہ میں ٹیسٹ کھیلنے پر متفق نہیں جبکہ ٹین سپورٹس شارجہ میں سیریز کے انعقاد کا خواہشمند ہے جس کے لئے ٹی وی چینل اور سری لنکن بورڈ کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔