کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی اور اور ٹریڈنگ کے اختتام تک انڈیکس شدید مندی کی لپیٹ میں رہا۔ ہنڈرڈ انڈیکس تین سو انہتر پوائنٹس کمی کے بعد گیارہ ہزار پینتیس پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم چھ کروڑ اکانوے لاکھ شئیرز رہا،حجم کے اعتبار سے آج بھی لوٹے پاکستان پی ٹی اے کے شیئرز میں نمایاں سودے ہوئے۔ نیشنل بینک اینگرو کارپوریشن اور عارف حبیب سیکیورٹیز سمیت کئی اسکرپٹس ایک روز کی کم ترین سطح پر بند ہوئے جبکہ انرجی ،ریفائنریز،بینکس اور دیگر اسکرپٹس میں زبردست مندی انڈیکس کو اگست دو ہزار آٹھ کی سطح پر لے آئی۔ بروکرزکا کہنا ہے کہ امریکہ کے قرض بحران کے باعث کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی لہر آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہ سکتی ہے۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای تھرٹی انڈیکس میں چار سو آٹھ پوائنٹس ،کے ایم آئی تھرٹی انڈیکس میں چھ سو پچپن پوائنٹس جبکہ آل شیئر انڈیکس میں بھی دو سو پچپن پوائنٹس کی کمی ہوئی۔