”کابینہ کے ارکان کرپٹ ہیں‘ رحمن ملک نے 5 ہزار نوکریاں بیچیں“ پیپلزپارٹی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان وزرا پر برس پڑے

Aug 09, 2012

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ا ے پی اے + ثناءنیوز) وزیراعظم ہا¶س میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران اس وقت بدنظمی ہو گئی جب توانائی بحران اور ترقیاتی فنڈ نہ ملنے پر ارکان بول اٹھے۔ پیپلز پارٹی کے ارکان نے وزرا پر شدید تنقید کی، پیپلز پارٹی کے رہنما نور عالم خان نے کہا کہ ٹیکنوکریٹس نے پیپلز پارٹی کی حکومت کو برباد کیا، وزیراعظم کو مخاطب کر کے نور عالم خان نے کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ کی کابینہ کے ارکان کرپٹ ہیں، حفیظ شیخ اقتصادی صورتحال میں بہتری لائیں، رحمن ملک نے 5 ہزار 50 نوکریاں فروخت کیں، جس پر وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے نور عالم خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر نوکریاں فروخت کرنا ثابت ہو جائے تو استعفیٰ دے دوں گا، جس پر نور عالم خان نے وزیر داخلہ رحمن ملک کا چیلنج قبول کر لیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف تالپور نے وزیراعظم سے کہا کہ ہماری ملاقات وزیر اعلیٰ سندھ سے کرائیں کیونکہ سندھ میں ہمارے مسائل کوئی نہیں سن رہا۔ وزرا نے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت عوامی مسائل کو اہمیت دینے کی بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں