لاہور (فرخ سعید خواجہ) جسٹس ریٹائرڈ بھگوان داس رانا نے چیئرمین نیب کے عہدے کی حکومتی اور اپوزیشن کی پیشکش کو ٹھکرا دیا ہے۔ پاکستانی عدلیہ کی انتہائی نیک نام اور قابل احترام اس شخصیت کا چیئرمین نیب کی حیثیت سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے نام تجویز کیا تھا جبکہ حکومت کوبھی ان کی تقرری پر کوئی اعتراض نہیں تھا تاہم ان کی تقرری میں فنی مسئلہ پیدا ہوا۔ جسٹس (ر) بھگوان داس رانا کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ان کے ساتھ رابطہ کرکے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ فنی سقم کو دور کر لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ جسٹس (ر) بھگوان داس نے شکریئے کے ساتھ معذرت کر لی ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے اپنی 40 سالہ پیشہ ورانہ زندگی عزت سے گزاری ہے اور اب کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہیں۔
بھگوان داس / معذرت