منظور وٹو کے پری پول رگنگ الزامات پر ڈی پی او اوکاڑہ کی ضمنی الیکشن تک تعیناتی روک دی گئی

منظور وٹو کے پری پول رگنگ الزامات پر ڈی پی او اوکاڑہ کی ضمنی الیکشن تک تعیناتی روک دی گئی

Aug 09, 2013

اوکاڑہ (آئی این پی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو کی طرف سے ضمنی انتخاب کے حوالے سے پر ی پول رگنگ کے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمشن نے اوکاڑہ میں تعینات ہونیوالے نئے ڈی پی او کو ضمنی الیکشن تک اوکاڑہ جانے سے روک دیا۔ آئی جی پنجاب نے چارج چھوڑے والے قائم مقام ڈی پی او کو دوبارہ چارج سنبھالنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ پولیس کی جانب سے ایک ناخوشگوار اور شرمناک واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈی پی او اوکاڑہ راجہ بشارت محمود اور ایس پی انویسٹی گیشن اختر خان کو او ایس ڈی بنا دیا، تین افسران سے ہوتا ہو ا ڈی پی او اوکاڑہ کا چارج ایس پی آر آئی بی ساہیوال مقبول حسین کے پاس آیا۔ دو روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی کے صاحبزادے بابر بخت قریشی کو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ تعینات کیا جس کے باقاعدہ آرڈر جاری ہو گئے۔ اوکاڑہ میں موجود ڈی پی او کے سٹاف کو ہدایت کر دی گئی کہ وہ پروٹوکول کے ساتھ نئے ڈی پی او بابر بخت قریشی کو اوکاڑہ لیکر آئیں، اسی دوران پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے ایک پریس کانفرنس میں نئے ضمنی انتخاب سے قبل نئے افسران کی تقرر اور تبادلے کو پری پول رگنگ قرار دیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اوکاڑہ کے حلقہ پی پی 193 پر 22 اگست کو ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے میاں منظور احمد وٹو کے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے نئے تعینات ہونیوالے ڈی پی او بابر بخت قریشی کو اوکاڑہ جانے سے روک دیا جس کے بعد انہیں لینے کیلئے لاہور جانیوالی سرکاری گاڑیاں خالی واپس آگئیں۔
ڈی پی او روک دیا

مزیدخبریں