اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی سی بی کے نئے آئین کیخلاف دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کردیا‘ عدالت نے درخواست گزار میجر (ر) احمد ندیم سڈل کو عدالت کیساتھ غلط بیانی کرنے‘ حقائق چھپانے پر 19 اگست کو ذاتی طور پر پیش ہونے اور بیان حلفی جمع کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ درخواست گزار عدالت میں پیش ہوکر وضاحت کرے ورنہ عدالت درخواست گزار کیخلاف توہین عدالت آرڈیننس 2002ء کے تحت کارروائی کرے گی اور ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جمعہ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق محمود کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔ تفصیلی فیصلے میں لکھا گیا کہ درخواست گزار نے پی سی بی کیس میں پی سی بی کے سابق چٖیئرمین نجم سیٹھی کو فریق بنایا ہے کیونکہ وہ اب پی سی بی کے چیئرمین بھی نہیں ہیں۔ درخواست گزار نے غلط بیانی کی۔ عدالتی معاملات کیساتھ دھوکہ دہی کی گئی اور درخواست میں سپریم کورٹ کے پی سی بی کے فیصلے کو بھی شامل نہیں کیا ۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے اعتراضات کو درست تسلیم کیا ہے۔
پی سی بی کے نئے آئین کیخلاف درخواست میں حقائق چھپائے گئے: اسلام آباد ہائیکورٹ
Aug 09, 2014