گال ٹیسٹ تیسرا دن: سنگاکارا کی سنچری‘ سری لنکا کے 2 وکٹوں پر 252 رنز

Aug 09, 2014

گال (سپورٹس ڈیسک ) پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کے 451 رنز کے جواب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنا لیے ہیں۔سری لنکا کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلیے مزید 199 رنز کی ضرورت ہے اور آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔بارش اور کم روشنی کی آنکھ مچولی نے گراؤنڈ سٹاف کو ہروقت مستعد رکھا۔ پورے دن صرف 46 اوورز کرائے جا سکے جبکہ چائے کے بعد کا کھیل مکمل طور پر بارش کی نذر ہوگیا۔سری لنکا نے تیسرے دن کا اختتام 252 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر کیا جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ پاکستان کے سکور 451 رنز سے 199 رنز پیچھے ہے۔سنگاکارا 102 اور جے وردھنے 55 رنز پر کریز پر تھے۔کوشل پریرا 64 رنز بناکر محمد طلحہ کی گیند پر کیچ پر آؤٹ ہوئے تو سری لنکا کا سکور 144 رنز تھا۔مہیلا جے وردھنے گال میں آخری ٹیسٹ میں بیٹنگ کے لیے آئے تو سکول کے بچوں نے گارڈ آف آنر دیا۔جے وردھنے اور سنگاکارا نے اپنی 18 سنچری پارٹنرشپ ریکارڈ بک میں درج کرائی۔ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 20 سنچری پارٹنرشپ قائم کرنے والی جوڑی سچن تندولکر اور راہول ڈریوڈ کی ہے۔سنگاکارا نے ٹیسٹ میچوں میں 37 سنچری سکور کی۔ یہ ان کی پاکستان کے خلاف دسویں اور گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں میں ساتویں سنچری ہے۔سنگاکارا کی مستقل مزاجی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ آخری 15 ٹیسٹ اننگز میں چار سنچریاں اور سات نصف سنچریاں سکور کر چکے ہیں۔وہ اس سال ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔

مزیدخبریں