الطاف حسین نے نیٹو، بھارت سے مدد مانگ کر غداری کی: سعد رفیق

لاہور (نوائے وقت نیوز+آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ آپریشن عوام کے جان اور مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری تھا۔ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن پر الطاف حسین حکومت اور اداروں کو گالیاں دیتے ہیں۔ کارروائی کرنے پر عمران کی مثالیں دی جاتی ہیں۔ گالیاں الطاف دے یا عمران خان ہمارے لئے کوئی بھی قابل قبول نہیں۔ سعد رفیق نے کہا الطاف حسین نے نیٹو اور بھارت سے مدد مانگ کر غیر آئینی مطالبہ کیا اور ملک و قوم کے ساتھ غداری کے مرتکب ہوئے۔ نیٹو یا بھارت کوئی خدائی مدد گار ہیں جن کو الطاف نے آواز لگائی ہے۔ خواجہ سعد کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میں اچھے لوگ بھی موجود ہیں جو پارٹی کو مثبت روش پر چلا سکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الطاف حسین خدا سے ڈریں، اپنے لگائے ہوئے الزامات کو فوری طور پر واپس لیں اور ملک و قوم سے معافی مانگیں۔علاوہ ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جوڈیشل کمشن کے فیصلے نے تحریک انصاف کے جھوٹ کا پول کھول دیا ہے۔ الطاف حسین کے زہریلے بیانات نے عوام کو دکھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست رینجرز اور فوج کو دھمکیاں دینے کا نام نہیں۔ الطاف حسین نے اپنی جماعت کو تباہی کے راستے پر ڈال دیا ہے انہیں اپنی جماعت پر رحم کرنا چاہئے۔ تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی کا جھوٹا الزام لگایا تھا جسے جوڈیشل کمشن نے مسترد کر دیا ہے۔ عمران خان کو اپنے اسی طرز عمل پر معافی مانگنی چاہئے اس سے ان کے سیاسی قد میں اضافہ ہو گا ورنہ لوگ کہیں گے کہ تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلا نہیں جہاز ہونا چاہئے تھا۔

ای پیپر دی نیشن