جنوبی پنجاب ہر برس سیلاب میں ڈوبتا ہے، جسٹس منصور کمشن رپورٹ سامنے لائیں: طاہر القادری

Aug 09, 2015

لاہور (نیٹ نیوز) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں سیاسی بنیادوں پر بند توڑے اور تعمیر کئے جاتے ہیں۔ ہر سال جنوبی پنجاب ڈوبتا ہے اور ہر سال حکمران جھوٹے وعدے کرتے ہیں۔ 2010ء میں بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی مداخلت اور پسند ناپسند کے باعث غلط بند توڑے گئے جس کے نتیجے میں چھوٹے کاشتکاروں اور غریب خاندانوں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا اور قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جس کی تصدیق جسٹس منصور علی شاہ کمشن کی رپورٹ میں آج بھی محفوظ ہے۔ یہ رپورٹ کیوں شائع نہیں کی جارہی۔ خواجہ غلام فرید کے شہر کوٹ مٹھن کو سیلاب میں ڈبونے کی کوشش کی گئی تو وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواجہ عامر فرید کوریجہ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہر سال حکمران سیلاب سے بچائو کیلئے اربوں روپے کے فنڈز کا اعلان کرتے ہیں جیسے ہی سیلاب کا پانی اترتا ہے یہ وہ اعلان کردہ فنڈز کسی میٹرو بس منصوبہ یا رائیونڈ کی کسی سڑک کی تزئین و آرائش پر خرچ کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے حکمرانوں نے انسانی زندگی کی بجائے لوہے اور پتھر پر قومی دولت ضائع کر دی۔ خواجہ عامر کوریجہ نے پارٹی قائد کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب کے حوالے سے جانبداری سے کام لے رہی ہے۔ زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کرنے کی بجائے تخت لاہور سے احکامات وصول کئے جا رہے ہیں۔ ڈی سی او نے واہ گوز اور مشوری بند یہ کہہ کر توڑ دئیے کہ یہ بند غیرقانونی ہیں تو کیا ضلع انتظامیہ کو عین سیلاب کے موقع پر الہام ہوا کہ یہ بند غیرقانونی تھے؟ انہوں نے کہاکہ کوٹ مٹھن کے اطراف میں پانی کا ذخیرہ بھر چکا ہے، کسی بھی وقت کوٹ مٹھن کے 50ہزار سے زائد نفوس پر قیامت ٹوٹ سکتی ہے۔

مزیدخبریں