مقبوضہ کشمیر: لبریشن فرنٹ کی ریلی پر پولیس کا دھاوا، بیسیوں گرفتار، پلوامہ میں ہڑتال، مظاہرے جاری

سرینگر (اے پی پی+ اے این این) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے وائس چیئرمین شوکت احمد بخشی سمیت تنظیم کے کئی رہنمائوں اور کارکنوں کو سرینگر میں ایک ریلی کے دوران گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں اور کارکنوں نے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف آبی گزر گاہ سے ایک ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکا نے آزادی، شہداء اور نظر بندوں کے حق میں نعروں کی گونج میں لال چوک کی طرف مارچ کیا۔ بھارتی پولیس نے پریس انکلیو کے نزدیک ریلی پر دھاوا بول دیا اور تنظیم کے بیسیوں ارکان کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک نوجوان کے قتل کے خلاف لوگ پلوامہ کے کاکہ پورہ، رتنی پورہ اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ بھارتی پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کیلئے شدید لاٹھی چارچ، آنسو گیس کی شیلنگ کے علاوہ پیلٹ بندوق سے بھی فائرنگ کی جس سے بیسیوں افراد زخمی ہوگئے۔ اس موقع پر دوسرے روز بھی واقعہ کیخلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔ حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بہترین تعلقات مسئلہ کشمیر کے حل ہونے پر ہی استوار ہوسکتے ہیں ٗ بھارت زیادہ دیر تک مسئلہ کشمیر کی حساسیت کو نظرانداز نہیں کرسکتا ٗ کشمیری عوام کو ان کا حق دیئے بغیر اس مسئلے کا کوئی متبادل حل موجود نہیں۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاہے کہ سرحدوں پر بندوقوں کی گن گرج سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ مخلوط حکومت ہر محاذ پرناکام ہوچکی ہے۔ پارٹی کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لڑائی اور جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ ریاست میں امن کی فضا بحال کرے۔ دریں اثنا حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی پچھلے 4مہینوں سے بدستور اپنے گھر میں قید ہیں، انہیں با جماعت نماز کی ادائیگی سے محروم کر دیا گیا۔ حریت کانفرنس نے حکومتی کارروائی کو آئین اور قانون کی مٹی پلید کرنے کے مترادف معاملہ قرار دیتے ہوئے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ آزادی پسند رہنما کو گن پوائنٹ پر یرغمال رکھنے کی کارروائی کا نوٹس لیں۔ ادھر ترال میں پولیس اہلکار سے سروس رائفل چھینے کے دوران افراتفری مچ گئی تاہم رائفل اڑانے والا ڈرئیور گرفتارکرلیا گیا۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے شہید شیخ عبدالعزیز کی 7ویں برسی پرخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صف شہداء میں ایک تابناک ستارے کی مانند ہیں۔ متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے معروف عسکری کمانڈر علی محمد ڈار المعروف برہان الدین حجازی کی عسکری میدان میں ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علی محمد ڈار مزاحمتی تحریک کے وہ ہیرو ہیں جن کا کام رہتی دنیا تک حریت پسندوں کیلئے مشعل راہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...