لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ اقتدار پر قابض ٹولہ عوام کے حقوق غصب کر رہا ہے۔ عالمی طاقتیں اپنی گریٹ گیم کی خاطر ہر قیمت پر پاکستان کی معاشی اور سیاسی شہ رگ پر اپنا قبضہ رکھناچاہتی ہیں۔ کراچی کی سیاست لندن سے کنٹرول ہو رہی ہے۔ مشکل حالات سے نکلنے کیلئے اُمت کو اپنے وسائل پر بھروسہ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں محنت اور عوام سے لیکر حکمرانوں تک اپنی اخلاقی ساکھ کو بہتر بنانا پڑیگی۔ 2018ء کے انتخابات میں جماعت اسلامی بڑی عوامی قوت بن کر سامنے آئیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں منعقدہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مندوبین کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ عالم اسلام اس وقت جن مشکلات کا شکار ہے، ان سے نکلنے کیلئے ضروری ہے کہ اُمت کے اندر اتحاد و یکجہتی کو پروان چڑھایا جائے ۔ اسلام دشمن قوتیں اپنا اسلحہ بیچنے کیلئے مسلمانوں کے درمیان جنگ و جدل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے اور تعلقات کی بہتری کیلئے پاکستان اور ترکی مل کر موثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ مغربی طاقتیں عالم اسلام کو نسلی اور مسلکی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ استعماری ممالک عالم اسلام کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ اُمت کی وحدت ایٹم بم سے زیادہ طاقتور ہے۔ عالم اسلام کو مشترکہ معاشی منڈی اور مشترکہ دفاعی نظام بنانے کی ضرورت ہے۔ سٹیٹس کو کو برقرار رکھنے کیلئے اشرافیہ نے عوام کے حقوق غصب کئے اور ریاست ، سیاست اور معیشت کو یرغمال بنایا۔ عوام کو تعلیم صحت اور روزگار کی بنیادی سہولتیں میسر نہیں، اوورسیز پاکستانی سالانہ اربوں ڈالرز کا قیمتی زر مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں جبکہ سیاسی پنڈتوں کا مقتدر ٹولہ کرپشن کمیشن اور لوٹ کھسوٹ سے یہ دولت بیرون ملک منتقل کردیتا ہے۔
عالمی طاقتیں پاکستان کی معاشی شہ رگ پر قبضہ رکھنا چاہتی ہیں: سراج الحق
Aug 09, 2015