واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان میں چین کو حریف کے طور پر نہیں دیکھتے، خطے میں امن اور استحکام کی بحالی کیلئے بیجنگ کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں، ہم افغانستان اور پاکستان میں چین کے کردار کو خوش آئند قرار دیتے ہیں، ہم اس کردار کو مسابقت کے بجائے امریکی کوششوں کی مدد سمجھتے ہیں۔ امریکی انسٹیٹیوٹ آف پیس میں خطاب کی مزید تفصیلات کے مطابق افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے ڈین فیلڈ مین نے کہا کہ وہ پاک افغان خطے میں امن اور استحکام کی بحالی کیلئے بیجنگ کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ ہم افغانستان اور پاکستان میں چین کے کردار کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔ فیلڈمین نے کہا کہ 2009 میں چین کے پہلے سرکاری دورے میں میرے ساتھی افغانستان اور پاکستان کے الفاظ ایجنڈے میں شامل کرنے کو تیار نہ تھے۔ لیکن آج ہم نہ صرف مل کر افغانستان میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں بلکہ امریکہ چین افغانستان پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات بھی منعقد کرتے ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی سوچے سمجھے طریقے اور حکمت عملی سے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں۔