لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سول ہسپتال کوئٹہ کے گیٹ پر خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی ہونیوالے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں معصوم اور بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے ظالموں کا اسلام یا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے پوری دنیا کیلئے قابل نفرت ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بے گناہ لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے بزدلوں کو ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا اور ان درندوں کو اپنے سفاکانہ فعل کی سزا ضرور ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کے ہسپتال میں بے گناہوں کے بہنے والے لہو پر ہمارے دل غمزدہ ہیں اور معصوم لوگوں کے بہنے والے خون نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے اور ہم پاک دھرتی سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں‘ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانیوالے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوںنے کہاکہ وکلائ سمیت معصوم لوگوں پر حملہ انتہائی بزدلانہ فعل ہے‘ دہشت گردوں کے حملے میں معصوم لوگوں کی شہادت ایک سانحہ سے کم نہیں۔ پنجاب حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے عبرتناک سزا کے مستحق ہیں‘ دہشت گردوں نے ہسپتال میں بدترین سفاکیت اور درندگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاںبحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ اس اندوہناک واقعہ کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے اور معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرتناک انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جن سفاک درندوں نے معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگے وہ اور ان کے سہولت کار عبرتناک انجام کو پہنچیں گے اور اپنے کیے کی سزا دنیا اور آخرت میں بھگتیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میرے پاس وہ الفاظ نہیں جن کے ذریعے میں اس بدترین واقعہ پر اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کر سکوں۔ پنجاب حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان، پولیس اور شہریوںنے بیش قیمت قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے 50ہزار سے زائد افراد شہید ہوئے جن میں فوجی افسر و جوان، پولیس افسر و سپاہی اور عام شہری بھی شامل ہیں۔ دریں اثنائ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے تعزیتی پیغام میں مقتول کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بلال انور کاسی کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے راولپنڈی میں نرسوں پر فائرنگ کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ میں ملوث ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حملہ آوروں کی جلد از جلد گرفتاری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والی نرس کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ زخمی نرس کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی۔