پشاور (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے سابق سیکرٹری نور زمان اور پی ٹی آئی کے دیگر 2 رہنماؤں نے ان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے عائشہ گلالئی اور ان کے والد شمس القیوم نے متعدد ترقیاتی منصوبوں میں ایک کروڑ سے زیادہ کمیشن لیا شکایت گزاروں کی جانب سے درخواست کے ہمراہ مبینہ کرپشن کے دستاویزی ثبوت بھی فراہم کیے گئے اور نیب سے درخواست کی گئی وہ انتظامیہ کو مزید تحقیقات کے ہدایات جاری کریں۔ نور زمان کے علاوہ دیگر دو شکایت گزاروں میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر سلیم نواز اور انجینئر عارف مروت شامل ہیں دوسری جانب نیب کی ترجمان سلمہ بیگم نے درخواست دائر کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے عائشہ گلالئی کے خلاف دائر درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نور زمان کا کہنا تھا نیب کے بعد احتساب کمشن میں بھی درخواست جمع کرائی جائے گی۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف لکی مروت کے صدر سلیم مروت کا کہنا تھا قومی احتساب بیورو نے انکی درخواست منظور کرلی نیب نے مزید شواہد مانگے ہیں جو جلد فراہم کردیئے جائیں گے انکا کہنا تھا کہ پہلے سے فراہم کردہ ثبوتوں کو بھی کافی قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نیب پشاور سلمٰی بیگم نے کہا ہے ایم این اے عائشہ گلا لئی کیخلاف شکایات معمول کا معاملہ ہے۔ عائشہ گلا لئی کیس کو قانون کے مطابق آگے بڑھائیں گے۔ سکروٹنی کمیٹی ارکان کی میٹنگ ہفتہ میں دو بار ہوتی ہے جس میں کیسز پر تفصیلی بات ہوتی ہے۔
پشاور: تحریک انصاف نے گلا لئی کیخلاف نیب میں درخواست دائر کر دی شکایات معمول کا معاملہ، قانون کے مطابق کارروائی ہو گی: ترجمان
Aug 09, 2017