تلہ گنگ (صباح نیوز) امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے ملک کی سیاسی فضا تعفن زدہ ہو چکی ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہئے، سیاستدانوں پر مالیاتی اور اخلاقی کرپشن کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں۔ گذشتہ کئی دنوں سے جو ماحول بنایا جا رہا ہے اس سے لگتا ہے معاشرہ اخلاقی گراوٹ کا شکار ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر جے یو آئی پنجاب کے امیر ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن کو دئیے عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے توقع کا اظہار کیا امیر پنجاب کی صحت یابی سے جماعتی کام میں تیزی اور بہتری آئیگی، ملاقات دو سے تین گھنٹہ جاری رہی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ملک میں صاف ستھری اور سنجیدہ سیاست ہونی چاہئے۔ جمعیت علماء اسلام ملک کے آئین، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم ایک نئے دور کی طرف جا رہے ہیں، ایک دوسرے کو چور کہنے سے کونسا سیاسی کلچر تخلیق ہو رہا ہے ہم جس دور میں ہیں ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں، یہ سب خود بخود نہیں ہو رہا اس کی آبیاری بین الاقوامی سطح پر ہو رہی ہے، کوئی مالیاتی کرپشن کی بات کر رہا ہے، کوئی اخلاقی کرپشن کی بات کر رہا ہے، جن سیاستدانوں سے عوام نالاں ہیں انہیں وہ خود اقتدار میں لائے ہیں۔ ملک کے تمام اداروں کو عالمی تناظر میں معاملات کو دیکھ کر سوچنا ہوگا انہوں نے کہا ملک کے منتخب وزیر اعظم کو پہلی بار صدر دوسری بار آرمی چیف اور اب عدالت نے برطرف کیا ہے اب ملک میں بہت تجربے ہوگئے ہیں ہمیں اس صورتحال سے نکلنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے۔ ہمیں اپنی پالیسیوں کو درست سمت دینی ہوگی اس حوالے سے جمعیت علماء اسلام ملک میں تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔
سیاسی فضا تعفن زدہ ہوچکی، ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کا خاتمہ ہونا چاہئے: فضل الرحمن
Aug 09, 2017