حکومت پاکستان لندن میں ہماری جائیدادیں قرق کرنے کا قانونی جواز نہیںرکھتی : حسن نواز

Aug 09, 2017

اسلام آباد (آن لائن) نااہل وزیراعظم کے بیٹے حسن نواز نے برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیاہے کہ برطانیہ کے شہر لندن میں ان کے پاس متعدد جائیدادیں ہیں یہ جائیدادیں کرپشن سے نہیں بلکہ جائز دولت سے خریدی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ساری زندگی نہ تو انہوں نے اپنے والد نواز شریف سے ایک پائی وصول کی ہے اور نہ ساری زندگی ایک پائی انہیں ادا کی ہے ۔ نیب لندن کی جائیدادوں کی قرقی نہیں کر سکتا اور نہ کسی کو یہ جائیدادیں قرقی کرنے کی اجازت دیں گے ۔ برطانوی اخبار ’’دی ٹائم ‘‘کو حسن نواز نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان شریف خاندان کی لندن میں جائیدادوں کی قرقی کرنے کا کوئی قانونی جواز نہیں رکھتی۔ ابتداء میں جب انہوں نے کاروبار کیا تو صرف 2 جائیدادیں تھیں ان جائیدادوں کو برطانوی بنکوں میں گروی رکھ کر مزید کاروبار کو وسعت دی گئی اس میں نہ منی لانڈرنگ کا پیسہ استعمال ہوا ہے نہ کرپشن کا کیونکہ انہوں نے کبھی بھی اپنے والد نواز شریف سے کوئی رقم نہ وصول کی ہے اور نہ کوئی رقم ادا کی ہے ۔ برطانیہ میں جائیدادیں خریدنا اور تعمیر کر کے فروخت کرنا ان کا کاروبار ہے اور ان کا یہ کاروبار برطانیہ میں رجسٹرڈ ہے اور رجسٹرڈ کمپنی کا وہ واحد مالک ہے اور وقت پر برطانیہ کو ٹیکس ادا کرتا ہوں ۔ برطانوی ماہر قانون کے حوالے سے برطانوی اخبار نے لکھا ہے کہ حکومت پاکستان برطانیہ شریف خاندان کی جائیداد اپنے قبضہ میں لینا مشکل کام ہے اور اس قسم کے مقدمہ بازی میں کئی سال لگتے ہیں تاہم برطانوی عدالتی احکامات کی روشنی میں یہ جائیدادیں حکومت پاکستان کو واپس مل سکتی ہیں۔

مزیدخبریں