ٹرک کی اطلاع کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی: یاسمین راشد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کی این اے 120 کی نامزد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے گزشتہ روز ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر غلام محی الدین دیوان، زبیر خان نیازی سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں کی ہمراہ سگیاں پل تاج کمپنی کے پاس ہونے والے بم دھماکے کی زخمیوں کی میاں منشی ہسپتال میں عیادت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں دھماکے میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا، ڈاکٹروں نے زخمیوں کا بہترین علاج کیا۔ پولیس کو کھڑے ٹرک کی اطلاع دی گئی لیکن انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی، ابھی سبزی منڈی کے دھماکے کے زخم تازہ تھے کہ ایک اور دھماکہ ہو گیا، رانا ثناء اللہ دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم متحد ہے میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتی ہوں، حکومت پنجاب اور انتظامیہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔ زخمیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے، بعدازاں پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے طارق ثناء باجوہ، زبیر خان نیازی، جاوید لطیف، اکرم لطیف، حاجی زاہد اور عبدالغفور کونسلر کے ہمراہ یوسی 49 میں ڈور ٹو ڈور کمپین کی، عوام میں پمفلٹ تقسیم کیے اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ شریف خاندان مال بنانے میں لگا ہوا ہے انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں۔ این اے 120 کی عوام کرپٹ حکمرانوں کو الیکشن میں مسترد کر دیں گے۔ کارکنوں اور عوام نے ڈاکٹر یاسمین راشد پر پھولوں کی پتیاں نچاور کر کے ان کا والہانہ استقبال کیا، حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ای پیپر دی نیشن