ملتان: پسند کی شادی‘ ہائیکورٹ کے سامنے بہن اور بہنوئی کو قتل کردیا

Aug 09, 2017

ملتان (سپیشل رپورٹر) ہائیکورٹ ملتان بنچ میں ضمانت کے لئے آنے والے پسندکی شادی کرنے والی بہن اور بہنوئی کو لڑکی کے بھائی نے فائرنگ کرکے قتل جبکہ وکیل کو زخمی کردیا۔ پولیس گارڈ نے موقع سے بھاگنے والے ملزم کو گرفتارکرکے پولیس تھانہ کینٹ کے حوالے کردیا۔ ضلع جام پورکے ٹرائبل ایریا لعل گڑھ کے رہائشی 18 سالہ رفاقت اور 16 سالہ کلثوم بی بی نے پسند کی شادی کرلی اورعلاقہ سے فرارہوکر ملتان آگئے۔ ملزم رفاقت نے ہائیکورٹ ملتان بنچ میں حفاظتی عبوری درخواست ضمانت دائر کی تھی جس کی گزشتہ روزجسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں سماعت کے لئے مبینہ مغویہ کلثوم بی بی اوراپنے وکیل ملک سہیل طاہرتھہیم کے ہمراہ صبح ساڑھے 8بجے کے قریب ہائیکورٹ پہنچے جہاں مرکزی دروازے کے سامنے واقع ٹی سٹال پر پہلے سے موجود مبینہ مغویہ کے بھائی اور میٹرک کے طالب علم ذوالقرنین نے 30 بورپستول سے دروازے پر فائرنگ کر دی جس سے خوف وہراس پھیل گیا اور فائرنگ کے باعث اس کی بہن کلثوم بی بی، بہنوئی رفاقت اور وکیل ملک سہیل طاہر کو گولیاں لگیں نیز ملزم نے موقع سے بھاگنے کی کوشش نہیں کی تاہم موقع پر موجود پولیس گارڈنے وقوعہ کے بعد ملزم کو پکڑ لیا اور پستول، موبائل و1600 روپے برآمد کرنے کے ساتھ پولیس تھانہ کینٹ کے حوالے کر دیا ریسکیو1122 تقریباً20 منٹ کی تاخیر سے پہنچی جس کے باعث کلثوم بی بی ہسپتال لے جاتے دم توڑگئی جبکہ رفاقت ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا اسی طرح وکیل کا آپریشن کرکے گولیاں نکال دی گئیں جہاںان کی حالت خطرے سے باہربیان کی جاتی ہے۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پرپہنچ گئی اوروکلاء بھی موقع پر اکٹھے ہوگئے اوربعدازاں ہسپتال بھی پہنچ گئے دریں اثناء پولیس تھانہ کینٹ نے واقعہ کامقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس موقع پر ملزم ذوالقرنین نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اس کو واقعہ پر کوئی شرمندگی نہیں ہے اور نہ ہی اس نے کوئی غلط کیا ہے اور یہ سب اپنی اور اپنے گھر کی عزت کے لئے قدم اٹھایا ہے۔

مزیدخبریں