لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) واپڈا اِس سال اکتوبر میں کوئٹہ میں ہونےوالی 33 ویں نیشنل گیمز جیت کر نئی تاریخ رقم کرنے کےلئے تیار ہے۔ چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) کو واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ چیئرمین واپڈا کی زیرِ صدارت اجلاس کا مقصد نیشنل گیمز کے سلسلے میں واپڈا سپورٹس بورڈ کی تیاریوں کاجائزہ لینا تھا۔۔ سیکرٹری واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے صدر عامر احمد اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے ایڈوائزر شفقت رانا بھی اِس موقع پر موجود تھے ۔ اجلاس میں واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے چیئرمین واپڈا کو 33 ویں نیشنل گیمز کے لئے بنائی گئی حکمت ِ عملی کے اہم نکات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ واپڈا سپورٹس کے مضبوط پوائنٹس پر گفتگو کے ساتھ ساتھ خامیوں کو دور کرنے کے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے حال ہی میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں واپڈا کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ لگن اور محنت کو بروئے کار لاکر نیشنل گیمز جیتنے کا ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اُنہوں نے واپڈا سپورٹس بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ کھلاڑیوںکی فٹنس اور ٹریننگ پر توجہ مرکوز رکھیں اور اِس حوالے سے کھیلوں میں رائج جدید تکنیک سے استفادہ کریں۔