لاہور(پ ر) دہشت گردی پوری قوم کا مشترکہ مسئلہ ہے اسے کسی ایک گروہ ، نسل یا خطے کے ساتھ مخصوص کر نا تعصب کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔قومی سلامتی کے ذمہ دار اور امن و امان قائم کرنے والے ادارے دن رات اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔بلوچستان کے حالات مجموعی طور پر کل سے بہت بہتر ہیں اورمستقبل میں مکمل امن کی نوید لائیں گے ۔پاک چائنا اکنامک کاریڈور خطے کے عوام میں پھیلنے والی مایوسی اور جارحانہ رویوں کے خاتمے کا سبب بنے گا۔ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر قانون و خزانہ پنجاب ضیاء حیدر رضوی نے سانحہ کوئٹہ 8اگست 2016ء کی دوسری برسی کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ ایک قومی المیہ ہے جو آج بھی ملکی سلامتی پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔دو سال قبل کوئٹہ میں ہونے والے خود کش حملہ میں انصاف کی جنگ لڑنے والوں کو ٹارگٹ کیا گیا ۔56سے زائد وکلاء سمیت 70ہلاکتوں اور سینکڑوں زخمیوں نے پورے ملک کو سوگوار کیا ۔سانحہ کوئٹہ کی اس دوسری برسی کے موقع پر نگران صوبائی حکومت پوری قوم کی جانب سے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
بلوچستان کے حالات کل سے بہتر ہیں، مستقبل میں مکمل امن کی نوید لائیں گے: ضیا حیدر رضوی
Aug 09, 2018