لاہور (خصوصی نامہ نگار) انتخابی نتائج پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ عوامی مینڈیٹ چرانے کے لیے پری پول، آفٹر پول اور الیکشن کے دوران نئے نئے طریقے اپنائے جاتے رہے۔ سب جانتے ہیں کہ پندرہ سال لگاکر ایک پارٹی کو کھڑاکیا گیا اور کیسے اس میں الیکٹیبلز کو داخل کرکے اس کو مضبوط کیا گیا۔ ٹکٹوں کی تقسیم میں بھی پارٹی کی بھرپور سرپرستی کی گئی۔ یہ صورتحال ملکی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ آج دوپہر1بجے الیکشن کمشن پنجاب کے دفتر کے باہر دھاندلی زدہ انتخابات کے خلاف احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارمتحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔