کراچی(نیوز رپورٹر)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن محمد عماد عطاری مدنی نے کہا ہے کہ بزرگان دین نیکیاں کمانے کے معاملے میں اس قدر حریص ہوا کرتے کہ ہر لمحہ عبادت میں گزارنے کے باجود بھی اللہ پاک سے ڈرتے اور مزید نیکیاں کرنے کی جستجو میں مگن رہتے،سردیوں کی راتوں میں چھت پر اور گرمیوں میں بند کمرے میں عبادت کرتے تاکہ غفلت کی نیند سوکر اللہ پاک کی یا د سے غافل نہ ہوجائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزرگان دین کی بس یہی خواہش ہواکرتی کہ جب تک زندگی باقی ہے اس کو غنیمت جانتے ہوئے نیکیاں کرکے اپنی آخرت بہتر بنالی جائے مگر افسوس ہمیں اپنی آخرت کی کوئی فکر نہیں ،دن بھر نہ جانے کیسے کیسے گناہوں میں مشغول رہتے ہیں اور جب رات آتی ہے تو پھر نت نئے گناہوں کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے اور پھر گناہوں میں مگن رہتے ہوئے غفلت کی نیند سوجاتے ہیں ۔محمدعماد عطاری مدنی نے کہا کہ ہم کس طرح اپنی زندگی کے قیمتی لمحات کو اللہ پاک کی نافرمانی اور فضولیات میں برباد کررہے ہیں جبکہ مومن کو اس کے اعمال کی جزا کے طور پر جنت میں داخل کیا جائے گا اور اس کے اعمال کے برابر اسے جنت میں درجہ ملے گا ،ہمیں اپنی بخشش ومغفرت کروانے اور خود کو جنت کے اعلیٰ درجات کا حقدار بنانے کیلئے ایسے کام کرنے چاہئے کہ جن میں ہماری آخرت کا فائدہ ہو مگر افسوس دنیا کی محبت اورفکر آخرت سے غفلت کے سبب ہمارے مسلمانوں بھائیوں کی اکثریت شوق عبادت سے بہت دور اور گناہوں کی حرص مبتلا ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ برے دوستوں کی صحبت میں روزانہ کئی کئی گھنٹے اپنا وقت برباد کرنے والے چند منٹ کیلئے امت مسلمہ تکنیکی دعوت عام کرنے کیلئے تیار نہیں ہوتے ،اگر انسان خود کو دنیا میں خوش اور آخرت میں کامیاب رکھنا چاہتا ہے تو اس پر لازم ہے کہ جو کچھ اللہ پاک نے اسے دیا ہے اس پر قناعت کرے اور صبر کرتا رہے کہ اس کی برکت سے اللہ کریم اس کو مزید عطا فرمائیگا۔
بزرگان دین نیکیوں کے حصول میں حریص تھے، محمد عماد عطاری
Aug 09, 2018