تھرپارکر/نئی دہلی (اے این این)تھر پارکر سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کا انتخاب جیتنے والے مہیش کمار ملانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مضبوط اور برابری کی بنیاد پر تعلقات دیکھنا چاہتے ہیں،بے نظیر بھٹو بھی بھارت سمیت تمام پڑوسی ملکوں سے بہتر تعلقات کی خواہش مند تھیں اور وہ اس سلسلے میں اپنی رہنما کے نقش قدم پر چلیں گے۔بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا وہ پاکستان سے نقل مکانی کر جانے والے ہندوئوں کو بتانا چاہیں گے کہ اب حالات تبدیل ہوگئے ہیں اور وہ کسی خوف کے بغیر پاکستان واپس آسکتے ہیں۔مہیش کمار ملانی کا کہنا تھا کہ دونوں ملک تعلقات کی بحالی کے لیے یکساں کوششیں کریں اورخطے میں امن اور ہم آہنگی لائیں۔