کراچی(آئی این پی) پولیس اہلکاروں کی غفلت اور لاپروائی کے باعث اسلحہ ایکٹ کے الزام میں ملوث ملزم نے سٹی کورٹ کی دوسری منزل سے چھلانگ لگادی شدید زخمی حالت میں اہل خانہ نے ہسپتال منتقل کر دیا۔ سیشن عدالت نے بہن کی درخواست پر ملزم فہیم کی ضمانت منسوخ کردی تھی عدالت نے فوری حراست میں لینے کا حکم دیا تھا،ملزم کو ہتھکڑی لگاکر پولیس اہلکار بے فکر ہوگیا، ملزم نے فرار ہونے کے لیے دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں ملوث ملزم فہیم اسماعیل کی بہن عابدہ نے ضمانت کی منسوخی کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ ملزم اس کا بھائی ہے اور اس کی ضمانت دی تھی۔ ملزم مجرمانہ سرگرمیوں میں سرگرم ہے اور اپنی عادت سے باز نہیں آرہا اور خدشہ ظاہر کیا کہ وہ مفرور ہوجائے گا اور درخواست میں ضمانت واپس کرنے کی استدعا کی۔ فاضل عدالت نے ملزم کی ضمانت واپس لینے پر ملزم فہیم کی ضمانت منسوخ کردی اور فوری حراست میں لینے کا حکم دیا عدالت کے حکم پر ملزم کو پولیس نے حراست میں لیا۔
کراچی: سٹی کورٹ کی دوسری منزل سے ملزم نے چھلانگ لگادی، زخمی حالت میں ہسپتال منتقل
Aug 09, 2018