آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے اپنی ایک قرارداد میں بھارتی حکومت کی طرف سے آرٹیکل370 اور آرٹیکل35 اے کی منسوخی کوریاستی عوام اوران کے جمہوری حقوق کے خلاف گھنائونی سازش قراردیا ہے۔یہ قرارداد آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان نے آج مظفرآباد میں اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی۔قرارداد میں کہاگیا کہ ان آرٹیکلز کے تحت غیر ریاستی عناصر کو مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرنے اور جائیداد خریدنے کی اجازت نہیں تھی۔قرارداد میں کہاگیا کہ بھارتی حکومت نے جموں وکشمیر اورلداخ کو بھی یونین علاقے قراردیا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔ایوان نے غیرقانونی قابض افواج کے انخلاء اور جنگ بندی لائن پرفوجی مبصروں کے اضافے کا مطالبہ کیا تاکہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کو موثر طریقے سے جانچا جاسکے۔ایوان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر پاکستان کی تمام سیاسی قوتوں اور سول سوسائٹی کی تعریف کی ۔