راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)سی پی او ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے پشاور اور آزاد کشمیر سمیت راولپنڈی میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی سخت چیکنگ کا حکم دے دیا ،راولپنڈی ضلع کے تمام داخلی راستوں پر پولیس کی ناکہ بندی ہو گی مری میں گاڑیوں کی دوہری چیکنگ ہوگی اگر کوئی گاڑی اسلحہ لیکر پنڈی کی حدود میں داخل ہوئی تو متعلقہ ناکوں پر تعینات پولیس والوں کو اسلحہ رکھنے والوں کا سہولت کار قرار دیکر جیل بھجوا یا جائیگا ، تفصیلات کے مطابق پولیس لائنز میں سیکورٹی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کی صدارت میں منعقد ہوا ،جس میں ایس ایس پی آپریشن سید علی اکبر ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل ، ایس پی صدر رائے مظہر اقبال ، ایس پی پوٹھوہار سید علی ، ایس پی راو ل اکرم خان نیازی سمیت دیگر متعلقہ پولیس افسران نے شرکت کی ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی پی او محمد فیصل رانا نے کہا کہ عید الاضحٰی اور جشن آزادی کے ایام اکٹھے آنے سے سیکورٹی کے غیر معمو لی انتظامات کیے گئے ہیں ،پولیس افسران اور ملازمین کی چھٹیاں پہلے ہی منسوخ کر دی گئی تھیں اب پنڈی پولیس کی 09ہزار سے زائد نفری کو سٹینڈ ٹو کر دیا گیا ہے ، ضلع پنڈی میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے ، جس کے تحت ہم نے ہر وہ قد م اٹھانا ہے جو قانون کی حکمرانی اور معاشرتی امن کے قیام کے لئے ناگزیر ہو گادیگر علاقوں سے آنے والی گاڑیاں بسا اوقات اسلحے کی ترسیل اور سماج اور قانون شکنوں کو لانے اور لے جانے کا ذریعہ بنتی ہیں ، ہم نے ہر صورت اور ہر قیمت پر قانون شکنوں کو داخلے سے روکنا اور اسلحہ کو ضلع راولپنڈی میں داخل نہیں ہونے دینا ہے۔
عید الاضحٰی اور جشن آزادی ایک ساتھ آنے سے سیکورٹی کے غیر معمو لی انتظامات
Aug 09, 2019