لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ایک سال کے لیے قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے، کھلاڑیوں کی تعداد 33 سے کم کر کے 19 کر دی گئی۔ سینئر تجربہ کار سابق دو کپتان شعیب ملک اور محمد حفیظ سنٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئی سلیکشن کمیٹی کو بھی اس بات کا اختیار دیدیا ہے کہ اگر وہ سمجھے کہ سنٹرل کنٹریکٹ کے کھلاڑیوں میں مزید اضافہ کرنا چاہتے ہیں تو کر سکتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضے میں بھی 25 سے 40 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی کا مؤقف ہے کہ کھلاڑیوں کی تعداد میں کمی کی وجہ کنٹریکٹ میں شمولیت کے لیے قائم کردہ معیار کو بڑھانا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی سربراہی میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان ، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز مدثر نذر پر مشتمل کمیٹی نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کے لیے فہرست تیار کی ہے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ 12 ماہ میں 7 ٹیسٹ میچوں میں 38 وکٹیں حاصل کرنے کے باعث یاسر شاہ کو نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں اے کٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے جبکہ کارکردگی میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے کے باعث اظہر علی کی بی کٹیگری میں تنزلی کر دی گئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بابر اعظم کو بھی اے کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ سینئرر کرکٹرز محمد حفیظ اور شعیب ملک کو بھی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر سنٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا گیا۔ مسلسل 2 سال پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقل رکن رہنے والے فہیم اشر ف سے خراب کارکردگی کے باعث سنٹرل کنٹریکٹ واپس لے لیا گیا ہے۔ امام الحق، شاہین آفریدی، محمد عباس، محمد رضوان، وہاب ریاض اور حارث سہیل کو بہتر کارکردگی کی بنیاد پر سی سے بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جبکہ حسن علی اور فخر زمان کو ناقص کارکردگی کی بنیاد پر ڈی موٹ کیا گیا ہے۔نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں میں اے کیٹگری کو 11 لاکھ، بی کیٹگری کو ساڑھے 8 لاکھ اور سی کیٹگری کو ساڑھے 5 لاکھ روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جاے گا۔گذشتہ برس پی سی بی سنٹرل کنٹریکٹ 33 کھلاڑی شامل تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے اعلان کردہ سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں تین کھلاڑی سرفراز احمد، بابر اعظم اور یاسر شاہ کو شامل کیا گیا ہے۔ اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، امام الحق، محمد عباس، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض کو بی کیٹیگری میں شامل جبکہ سنٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹیگری میں عابد علی، حسن علی، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عامر، محمد رضوان، شان مسعود اور عثمان شنواری کو شامل کیا گیا ہے۔ ایم ڈی پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے کہا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ دینے سے پہلے کھلاڑیوں کی گذشتہ ایک سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ پرامید ہیں کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی سے اہداف کے حصول میں مدد گار ہوں گے۔